کراچی کے علاقے ماڑی پور بدھنی گوٹھ میں گھر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت ملیر جیل سے فرار ہونے والے رضا کے نام سے ہوئی ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ لاش 3 جون کو ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدی کی ہے، گھر پر چھاپے کے خوف سے قیدی اپنی بہن کے گھر آیا، قیدی نے گزشتہ شب خود کو گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کی، مفرور قیدی عیدگاہ تھانے میں درج منشیات کے مقدمے میں جیل گیا تھا۔ قیدی کے خلاف 30 مارچ 2022 کو عید گاہ تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قیدی رضا نے خودکشی سے قبل وڈیو بنائی تھی جس میں اس نے کہا، ’ملیر جیل سے میں بھی قیدیوں کے ساتھ بھاگا تھا۔ اس نے مزید کہا، ’فرار کے دوران میں بھی زخمی ہوگیا، جیل سے فرار ہونے کے بعد میں کافی دیر تک پیدل چلتا رہا
مزید پڑھیں:ملیر جیل سے فرار مزید 3 قیدی گرفتار، 122 ابھی بھی مفرور
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملیر جیل سے فرار ہونے والے 126 قیدیوں کو دوبارہ پکڑ لیا گیا ہے۔ پولیس کے حکام کے مطابق 216 قیدی مجموعی طور پر فرار ہوئے تھے، 90 تاحال فرار ہیں، فرار قیدیوں کے گھروں کا ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے جنہیں جَلد پکڑ لیا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جو قیدی رضاکارانہ طور پر واپس نہیں آئے ان کے خلاف کارروائی ہوگی، جیل کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پیر کی رات کراچی کی ملیر جیل میں صورتِ حال اس وقت خراب ہوئی جب شہر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔