پاک فوج کے سربراہ اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو کبھی بھی دبایا نہیں جا سکتا اور دشمن کے عزائم کو مکمل طور پر شکست دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آپریشن “بنیان مرصوص” کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلخانہ سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کے عوام قومی قیادت کی رہنمائی میں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے فولاد کی دیوار بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی ہمارے قومی عزم اور ریاستی اداروں کی ہم آہنگی کی واضح دلیل ہے۔
مزید پڑھیں؛پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، 24 کروڑ عوام کے حق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بھارت کی جانب سے غیر ضروری فوجی جارحیت کے بڑھتے رجحان پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قومی جدوجہد منطقی انجام تک پہنچے گی اور دشمن کی جانب سے ہماری کوششوں کو ناکام بنانے کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
بھارتی آبی دہشتگردی ناقابل قبول ہے، فیلڈمارشل
فیلڈ مارشل نے مسئلہ کشمیر کے دیرینہ اور عالمی طور پر تسلیم شدہ تنازع کے پرامن حل پر زور دیا اور بھارت کی آبی دہشت گردی کی کوششوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔
اس موقع پر انہوں نے طلبہ افسران کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نبھائیں۔ انہوں نے تخلیقی سوچ، تحقیق، اور مستقبل کی جنگی ضروریات کے مطابق خود کو تیار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں دی جانے والی اعلیٰ معیار کی عسکری تربیت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیت نہ صرف موجودہ حالات کا احاطہ کرے بلکہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی معاون ثابت ہو۔
دورہ کوئٹہ کے دوران فیلڈ مارشل کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ اور کالج کے کمانڈنٹ نے کیا۔