سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق کھالیں جمع کرنے کے لیے متعلقہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی اجازت لینی ضروری ہے، کمشنر اور ڈی سی رجسٹرڈ فلاحی اداروں، مدارس اور خیراتی اداروں کو اجازت نامہ دیں گے۔
اعلامیے کے مطابق کالعدم تنظیم کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ اور بینر لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمارتوں پر جھنڈے اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کرنے پر پابندی ہوگی، انتظامیہ کی جانب سے جاری اجازت نامہ کھالیں جمع کرانے کے دوران ساتھ رکھنا لازم ہوگا۔
مزید پڑھیں:عیدالاضحیٰ صفائی مہم: میئر کراچی کی سندھ سالڈ ویسٹ کو بروقت اقدامات کی ہدایت
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسلحہ رکھنے سے متعلق تمام اجازت نامے 10سے 12 ذی الحجہ تک معطل کردیے گئے ہیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ ایس ایچ او کو کارروائی کا اختیار ہوگا۔