ہم میں سے اکثر افراد اپنی سہولت کے لیے گاڑیاں یا موٹر سائیکل خریدتے ہیں۔ چونکہ نئی گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں مہنگی ہوتی ہیں، اس لیے بہت سے لوگ استعمال شدہ گاڑیاں یا موٹر سائیکل خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ تاہم، ان کی خریداری کے بعد ملکیت اپنے نام کروانے کے حوالے سے کئی خوفناک کہانیاں، رشوت، ایجنٹوں کے چکر اور مہنگی فیسیں سننے کو ملتی ہیں۔ اکثر لوگ ادھوری معلومات کی وجہ سے نہ تو گاڑی اپنے نام کروا پاتے ہیں اور نہ ہی ایجنٹوں سے بچ پاتے ہیں، جس کے نتیجے میں وقت، پیسہ اور ذہنی سکون ضائع ہوتا ہے۔
اسی پریشانی سے بچنے کے لیے ہم یہاں گاڑی یا موٹر سائیکل کی ملکیت کی منتقلی کا مکمل اور آسان طریقہ بیان کر رہے ہیں تاکہ خواہشمند افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
مرحلہ 1: بائیومیٹرک تصدیق
خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کو نادرا یا قریبی ای سہولت مرکز سے بائیومیٹرک تصدیق کروانی ہوگی۔
مرحلہ 2: سوک سینٹر کا رخ کریں
دونوں فریق، گاڑی کے اصل کاغذات، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور اصل شناختی کارڈ ہمراہ لے کر کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر واقع سوک سینٹر جائیں۔ سوک سینٹر کے گیٹ نمبر 4 پر پیڈ پارکنگ کی سہولت موجود ہے۔
مرحلہ 3: فارم حاصل کریں
سوک سینٹر میں داخل ہونے کے بعد سیدھے فوٹو کاپی کی دکان پر جائیں۔ دورانِ راستہ کئی ایجنٹس آپ کو روکنے کی کوشش کریں گے، ان سے مؤدبانہ معذرت کے ساتھ آگے بڑھیں۔
فوٹو کاپی کی دکان سے درج ذیل فارم حاصل کریں:
- ٹرانسفر آف اونرشپ فارم (TO FORM)
- سیل ڈیڈ (اسٹیمپ پیپر پر)
- اسکیننگ فارم
سیل ڈیڈ کی قیمت تقریباً 1000 روپے ہے۔ اسی دکان سے اپنے شناختی کارڈ کی کاپی اور دیگر ضروری دستاویزات کی فوٹو کاپی بھی کروا لیں۔ فارم میں گاڑی کی فائل میں درج معلومات احتیاط سے پُر کریں۔ اگر کسی مرحلے پر مشکل ہو تو دکان دار سے مدد لے سکتے ہیں۔
مرحلہ 4: گاڑی کی تصدیق
سوک سینٹر کی اسٹاف پارکنگ کے قریب موجود سرکاری افسر سے گاڑی کی نمبر پلیٹ، انجن اور چیسز نمبر کی تصدیق کروائیں۔ افسر کاغذات کا موازنہ کرنے کے بعد درخواست فارم پر دستخط اور سرکاری مہر ثبت کرے گا۔
مرحلہ 5: ایکسائز آفس میں دستاویزات جمع کروانا
تمام فارم مکمل کرنے کے بعد سوک سینٹر کے فرسٹ فلور پر واقع محکمہ ایکسائز کے دفتر جائیں۔ انفارمیشن کاؤنٹر سے اپنا ٹوکن حاصل کریں۔
کاؤنٹرز کی تقسیم کچھ یوں ہے:
- پرائیویٹ گاڑیوں کے لیے: کاؤنٹر 1 تا 10
- کمرشل گاڑیوں کے لیے: کاؤنٹر 11 تا 14، 17، 18
- موٹر سائیکل کے لیے: کاؤنٹر 15 اور 16
اپنے ٹوکن نمبر کے مطابق کاؤنٹر پر جا کر تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کروائیں اور PSID سلپ حاصل کریں۔
مرحلہ 6: فیس کی ادائیگی
PSID سلپ پر درج فیس کسی بھی بینک یا آن لائن ذریعہ سے جمع کروائی جا سکتی ہے۔
فیس کی تفصیل درج ذیل ہے:
موٹر سائیکل:
- 1600 روپے
پرائیویٹ گاڑیاں:
- 1000 سی سی تک: 3600 روپے
- 1000 سی سی سے زائد: 4600 روپے
کمرشل گاڑیاں:
- 1000 سی سی تک: 4600 روپے
- 1000 سی سی سے زائد: 5600 روپے
مرحلہ 7: فائل حاصل کریں
تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد، دی گئی تاریخ پر سوک سینٹر کے فرسٹ فلور سے اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فائل وصول کریں۔

رضوان فراست کو شعبہ صحافت میں 3 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں ٹائمز آف کراچی سے وابستہ ہیں۔ ملکی سیاست اور معاشرتی مسائل پر اظہار خیال کرتے ہیں۔