پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 27 برس مکمل ہوگئے، پاکستان نے آج ہی کے دن بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا ، خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا اور دفاع کا حق منوایا۔
یوم تکبیر ہر سال 28 مئی کو منایا جاتا ہے اور یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان دنیا کے سامنے پہلی اسلامی ایٹمی قوت بن کر ابھرا اور پاکستان نے ایٹمی تجربات کرکے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنادیا۔
بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دورِ حکومت میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے جس کے بعد اس دن کو ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے۔
یوم تکبیر پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی،خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، وطن کے رکھوالوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔
مسلح افواج کا پیغام:
مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مکمل تیار اور پُر عزم ہیں۔
پیغام میں کہا گیا کہ یوم تکبیر 1998 کے اُس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان جوہری طاقت کے طور پر اُبھرا۔پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال اور اپنے دفاع کے حق کو منوایا۔پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت قومی امانت ہے، جو عوامی امنگوں کی عکاس ہے، مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مکمل تیار اور پُر عزم ہیں۔
صدرمملکیت کا پیغام:
اپنے پیغام میں صدرمملکیت آصف علی زرداری نے کہا کہ یوم ِتکبیر کے اہم موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہم نے اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور تزویراتی دفاعی طاقت حاصل کی۔ آج ہم ملکی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام سے منسلک سائنسدانوں، انجینئرز اور سول اور فوجی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جبکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سرپرستی میں ہمارا ایٹمی پروگرام مزید آگے بڑھا اور مضبوط ہوا۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جارہا ہے
آصف علی زرداری نے کہا کہ بدلتی علاقائی سلامتی کی صورت حال میں ہماری جوہری طاقت ایک قابل اعتبار کم از کم دفاعی صلاحیت ہے۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے جو اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، پرامن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حالیہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے پیش نظر پاکستان نے تزویراتی تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔ آپریشن بُنیانُ مَّرصوص کے تحت ہمارے نپے تلے اور مؤثر ردِ عمل نے دشمن کو اپنی معاندانہ کارروائیاں بند کرنے پر مجبور کیا۔ یومِ تکبیر پر ایک بار پھر عہد کریں کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے۔
وزیراعظم کا پیغام:
وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیر کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے ، پاکستان اس مرتبہ یوم تکبیر ایک اہم اور تاریخی موقع پر منا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے 6 تا 10 مئی کے معرکہ حق میں فتح یاب ہوا، بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں سرخرو ہو کر نکلے ہیں، فتح مبین سے سرشار قوم کیلئے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی 1998 میں بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خود مختاری کو چیلنج کیا تھا، نوازشریف نے 6 دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اس وقت نوازشریف نے قوم کی امنگوں، مفادات کی ترجمانی کی، نوازشریف اقتصادی پابندیوں، دباؤ ،دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لائے۔