راولپنڈی اسلام اباد سمیت ملک کے متعدد علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔
اسلام اباد میں کالی گھٹا کے باعث دن میں اندھیرا چھا گیا، مردان میں بھی تیز ہوا کے ساتھ بارش اور ژالہ باری سے دن میں رات کا منظر ہوگیا، اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی، طوفانی ہواؤں کی وجہ سے قائداعظم یونیورسٹی کی کینٹن کا شیڈ گرگیا۔
ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجسٹریٹس نشیبی ایریاز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں، زیر تعمیر عمارت اور نالوں کی صورتحال پر بھی نظر رکھی جائے۔ ڈی سی نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک کا بہاؤ یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں:کراچی کے متعدد علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے: محکمہ موسمیات
دوسری جانب مینگورہ میں بارش اور ژالہ باری کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، سوات میں مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، بارش اور طوفان کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
سوات، ایبٹ اباد، مانسہراہ اور گردو نواح میں بھی تیز بارش ہوئی ہے۔ راولپنڈی،ہری پور،خان پور، ایبٹ آباد، لوئردیر، بونیر، صوابی، مانسہرہ، ٹیکسلا، نوشہرہ میں آندھی اورطوفانی ہوائیں چلنے سے بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔