Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

پاکستان کے لوگ نہایت باصلاحیت اور قیادت بہترین ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

US President Donald Trump

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نہایت باصلاحیت اور اس کی قیادت بہترین ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کروانے میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقا کے صدر سیرل راما فوسا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر جنوبی ایشیا میں قیامِ امن سے متعلق اپنے مؤقف کو دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت سے کہا کہ تم لوگ یہ کیا کر رہے ہو؟ دونوں کے درمیان مسئلہ شدت اختیار کر رہا تھا۔ پاکستان کے لوگ بہترین اور اس کے رہنما عظیم ہیں، جبکہ بھارت میں مودی میرا دوست ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دونوں ممالک کے ساتھ بڑے تجارتی اور سفارتی معاہدے کر رہا ہے، اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے واشنگٹن بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ پاکستانی افواج کے معرکہ حق کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بھی 10 مئی کو ایک پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان اور بھارت ایٹمی جنگ کے قریب تھے: ڈونلڈ ٹرمپ

تاہم بھارت کی جانب سے ان دعوؤں کو مسترد کیا گیا ہے۔ تین روز قبل بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے ایک پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بھارت فائربندی ایک مکمل طور پر دوطرفہ عمل تھا، اس میں امریکی صدر کا کوئی کردار نہیں تھا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے جنوبی افریقی صدر سے ملاقات کے دوران ان پر سفید فام اقلیت کی نسل کشی کا الزام لگایا۔ ٹرمپ نے جنوبی افریقی صدر سیرل رامافوسا کے ساتھ ملاقات کے دوران ان پر الزام عائد کیا کہ جنوبی افریقا میں سفید فام افراد کی نسل کشی ہو رہی ہے۔

ٹرمپ نے دستاویزات جس میں کچھ تصاویر شامل تھیں جنوبی افریقی صدر اور صحافیوں کو سفید فام اقلیت کی نسل کشی کے ثبوت کے طور پر دکھائیں اور کہا کہ سفید فام کسان جنوبی افریقا سے بھاگ رہے ہیں۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button