کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر بھر میں صفائی کے مؤثر اور بروقت انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایم ڈی طارق علی نظامانی، آپریشن ڈائریکٹرز، افسران اور نجی کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔
میئر کراچی نے ہدایت دی کہ پانچ روزہ عید صفائی مہم کے دوران آلائشوں کو فوری طور پر اٹھایا جائے اور کسی بھی کوتاہی کی گنجائش نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام کلیکشن پوائنٹس پر چونے اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے عید سے پہلے اور عید کے دوران یقینی بنایا جائے۔ سوزوکیوں اور ٹرکوں میں آلائشوں کو اوورلوڈ نہ کیا جائے اور انہیں ترپال سے مکمل ڈھانپا جائے تاکہ راستے میں گندگی نہ پھیلے۔
مرتضیٰ وہاب نے خبردار کیا کہ اگر آلائشوں کے متعلق عوام کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ ٹھیکیداروں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی درخواست پر شہر بھر میں سٹی وارڈنز کی فراہمی کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں 100 سے زائد کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے، شہریوں کو آلائشیں ڈالنے کے لیے بیگز فراہم کیے جائیں گے اور 1128 ہیلپ لائن کو 24 گھنٹے فعال کر دیا جائے گا۔ شکایات کے بروقت ازالے کے لیے تمام اضلاع میں خصوصی مراکز قائم کیے جائیں گے۔
میئر کراچی نے صفائی کمپنیوں کو ہدایت دی کہ شہر میں موجود وال چاکنگ ختم کر کے عوامی آگاہی کے لیے مثبت پیغامات پینٹ کیے جائیں۔ انہوں نے سڑکوں کی دھلائی اور مٹی کی صفائی کو بھی ترجیح دینے کا کہا تاکہ شہریوں کو عید کے موقع پر صاف اور صحتمند ماحول میسر آ سکے۔