سندھ حکومت اور چین کے درمیان صنعتی اشتراک کے تحت کراچی میں سپر منی ٹرک کی اسمبلنگ لائن جلد قائم کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چین میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں سپر منی ٹرک کی رونمائی بھی کی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چینی سرمایہ کار اس اہم منصوبے کے لیے کراچی میں پلانٹ لگانے پر رضامند ہو چکے ہیں۔ اس سے مختلف کاروباری گروپس، مقامی صنعتوں اور نوجوان افرادی قوت کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
چارجنگ اسٹیشن کے قیام کا بھی اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت سندھ بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز بھی جلد قائم کیے جائیں گے۔
چینی کمپنی “چیری ہولڈنگ” اور “پیڈی ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ” کے اشتراک سے تیار کردہ سپر منی ٹرک ایک انقلابی ایجاد ہے جو شہری و دیہی علاقوں میں لاجسٹکس کے مسائل کا کم لاگت، پائیدار اور قابل رسائی حل پیش کرتا ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق سپر منی ٹرک جدید انجینئرنگ، ذہین ڈیزائن اور ماحولیاتی مطابقت کا امتزاج ہے، جو پاکستان میں ہلکی کمرشل گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں؛ چین کا کراچی میں 1 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے میڈیکل سٹی بنانے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ “سپر منی ٹرک کی اسمبلنگ لائن کراچی میں لگائی جائے گی، جو مقامی پرزہ سازی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ پاکستان کی صنعتی ترقی کو تیز کرے گی۔”
شرجیل میمن نے منصوبے کو پاک چین تکنیکی تعاون کی شاندار مثال قرار دیا جو دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے چینی کمپنی “چیری ہولڈنگ” کے چیئرمین ین تونگیو کی وژنری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر وزیرِ توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ اور ہانگ کانگ کی “بجٹ پیٹرولیم انویسٹمنٹ ہولڈنگز کمپنی” کے گروپ سی ای او زاہد بشیر بھی موجود تھے۔