محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود، موسم انتہائی گرم ہے جبکہ شہر میں گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
دن کے اوقات میں پارہ 40 ڈگری سے زیادہ محسوس کیا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق جنوب مغربی سمت سے9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔
مزید پڑھیں:ہیٹ ویو، کراچی سمیت سندھ بھر سے 285 کیسز رپورٹ، ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم
دوسری جانب دادو اور تربت میں پارہ 48، ڈی جی خان میں 47 ڈگری کو چھو گیا، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، بھکر میں 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، پشاور میں 44 اور لاہور میں 43 ڈگری رہا، اسلام آباد 42،مظفرآباد 40، کوئٹہ 38، کراچی میں 37 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی جاب سے ہیٹ ویو کا سلسلہ 20 مئی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، طبی ماہرین کی شہریوں کو شدید گرمی میں بغیر ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی طرق سے ملک کے بالائی علاقوں، وسطی، بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔