سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے جمعہ کے روز صوبے کے تعلیمی نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
وزیر تعلیم کے مطابق شفافیت اور مؤثر نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے ایک جدید موبائل ایپلی کیشن متعارف کروائی جا رہی ہے جس کے ذریعے اسکولوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
اس ایپ کے ذریعے سندھ بھر کے اساتذہ اپنی حاضری موبائل فون کے ذریعے لگا سکیں گے تاہم یہ ایپ صرف اسکول کے احاطے میں ہی فعال ہوگی تاکہ حاضری کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔
مزید پڑھیں؛ سندھ کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو مفت کھانے کی فراہمی شروع
ڈیجیٹل نگرانی کے عمل کے تحت اساتذہ پر لازم ہوگا کہ وہ کلاس روم میں موجود طلبہ کی تصویر بھی اپ لوڈ کریں۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ یہ موبائل ایپ چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی استعمال کرے گی، جو خودکار طریقے سے حاضری کے وقت طلبہ کی گنتی کرے گی اور ریکارڈ مرتب کرے گی۔
اس جدید نظام کا مقصد نہ صرف حاضری کے نظام میں شفافیت لانا ہے بلکہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مؤثر طور پر استعمال کرنا بھی ہے۔
نئے نظام کے تحت تمام تصدیقیں صرف آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں آئی بی سی سی نے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے نظام کو اس مرکزی پلیٹ فارم سے منسلک کریں تاکہ ایک مربوط، تیز رفتار اور شفاف تصدیقی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اقدامات سندھ حکومت کی جانب سے تعلیمی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور نظام کو بہتر اور قابل اعتماد بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔