وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسی شاندار فتح پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ کامیابی خطے میں طاقت کے توازن کو بدل کر رکھ دیا ہے اور دشمن کو واضح پیغام ملا ہے کہ اگر دوبارہ میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو اسے زبردست جواب دیا جائے گا۔
کامرہ ایئر بیس کے دورے کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جوانوں نے دشمن کے دانت توڑ دیے اور 6 سے 10 مئی تک اپنی اعلیٰ مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے تکنیکی مہارت سے جنگ جیتی ہے۔
مزید پڑھیں؛بھارت دوبارہ مکا مارے گا تو پھر جوابی مکا بھی کھائے گا: اسحاق ڈار
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے اربوں ڈالر خرچ کر کے جدید جنگی سازوسامان خریدا تھا، مگر پاکستان کے شاہینوں نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے حملوں کا بھرپور جواب دیا۔ دشمن نے ننھے بچوں کو شہید کیا لیکن پاکستان نے دشمن کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
وزیراعظم نے کامرہ ایئر بیس پر پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کی، جہاں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پسرور چھاؤنی سیالکوٹ کا دورہ کیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں شامل افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی تھی۔