ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی کسی بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سخت اور فوری ردعمل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی ہماری سرزمین، سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرے گا، ہمارا جواب بے رحمانہ ہو گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے سکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں اور خطے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف جنگ کا محاذ کھول سکتا ہے تو وہ ایک سنگین غلطی کر رہا ہے، کیونکہ یہ پورے خطے کے امن و سلامتی کو متاثر کرے گا۔
پاکستان بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان تیسرا ہاٹ لائن رابطہ
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا جیسے ممالک اس وقت بھارتی عزائم کو جوہری خطرات کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں اور وہ اس خطرے کو بخوبی سمجھ چکے ہیں۔
جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دے کر وہاں بھاری فوج کی تعیناتی کے ذریعے کشمیریوں کو ہراساں کر رہا ہے۔
ان کا مؤقف تھا کہ مسئلہ کشمیر کو صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
سکائی نیوز کے مطابق پاکستان کا دعویٰ ہے کہ اس نے بھارت کی بڑی مسلح افواج کے باوجود ایک نمایاں فوجی فتح حاصل کی ہے، جس پر بھارت ناراض ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا کا اصل امتحان یہ ہے کہ وہ بھارت پر کتنا دباؤ ڈال سکتا ہے تاکہ وہ کشمیریوں کے حق میں مؤقف اختیار کرے۔