پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ متھیرا نے بغیر اجازت ویڈیو بنانے اور اسے شیئر کرنے پر سوشل میڈیا اسٹار چاہت فتح علی خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے باکی کو غلط انداز میں لینا یا ان کی ذاتی حدوں کو پار کرنا ناقابل قبول ہے۔
متھیرا نے وضاحت کی کہ یہ وائرل ویڈیو ان کے شو کے کیمروں سے نہیں بلکہ چاہت فتح علی خان کی جانب سے عجیب اینگل سے بنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مہمانوں کو ہمیشہ عزت دیتی ہیں لیکن چاہت نے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔ انہوں نے کہا، “بولڈ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی بھی مجھے گلے لگائے یا پشت پر ہاتھ رکھے۔ یہ سب حد سے تجاوز ہے، اور ایک باشعور انسان ایسی حرکت نہیں کرے گا۔”
اداکارہ نے کہا کہ چاہت فتح علی خان نے ویڈیو ہٹانے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ابھی تک نہ وڈیو ہٹائی گئی ہے اور نہ معافی مانگی گئی۔ متھیرا نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ شہرت کے لیے ایسی حرکات کرتے ہیں، جو کہ بہت افسوسناک ہے۔