کراچی میں ایک نجی سوسائٹی نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لیے 2 کروڑ رشوت مانگ رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی، اسکیم 33 گلشن اقبال میں واقع کاٹن سوسائٹی کے مکینوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل منصف جان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کاٹن سوسائٹی کے مکین 100 فی صد بجلی کا بل ادا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود کے الیکٹرک نے سوسائٹی کو لائن لاسز والے علاقے میں شامل کر لیا ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ سوسائٹی میں گوٹھوں کی طرح روزانہ چودہ چودہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لیے 2 کروڑ روپے رشوت طلب کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کو سو فی صد بل ادا کرنے والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے دی گئی درخواست پر ایم ڈی کے الیکٹرک کو 3 ماہ میں درخواست پر کارروائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کے الیکٹرک کو نیپرا قوانین کے مطابق شکایت سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دے کر درخواست نمٹا دی۔