پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے ایک محفوظ عمل متعارف کروادیا گیا ہے۔ پی ٹی اے نے منگل کو وی پی این رجسٹریشن کے قواعد و ضوابط پر ایک مشاورتی اجلاس کی میزبانی کی، جس کا مقصد پاکستان میں آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبوں کے لیے ایک محفوظ ماحول کو فروغ دینا تھا۔
پی ٹی اے کے مطابق آج ہونے والے اجلاس میں وزرات آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن، پاکستان سافٹ ویئر بورڈ (پی ایس ای بی) اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بیان کے مطابق ’ پی ٹی اے نے وی پی این رجسٹریشن کے لیے ایک آسان طریقہ کار متعارف کرایا ہے جس سے رجسٹرڈ صارفین اپنے وی پی اینز کوipregistration.pta.gov.pk پر ایک نئے آن لائن پورٹل کے ذریعے رجسٹر کرسکتے ہیں۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ رجسٹریشن کا یہ آسان طریقہ کار آئی ٹی کمپنیوں، فری لانسرز اور دیگر اسٹیک ہولڈز کے لیے بلاتعطل رسائی فراہم کرے گا۔ اجلاس میں شریک نمائندوں نے وی پی این کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ممکنہ استعمال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ پی ٹی اے نے مزید کہا کہ ایک فعال اقدام کے طور پر کمپنیوں اور فری لانسرز کی اپنے وی پی این کی رجسٹریشن کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ رکاوٹوں سے پاک اور بلا تعطل آپریشنز کو یقینی بنایا جاسکے۔
خیال رہے کہ وی پی این اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب ملک میں کوئی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن بند ہو۔ ڈجیٹل ماہرین نے سروسز میں تعطل کو حکومت کی جانب سے شہریوں پر سخت سینسرشپ اور نگرانی نافذ کرنے کا منصوبہ قرار دیا تھا تاہم پی ٹی اے نے صارفین کی جانب سے وی پی این تک رسائی محدود کیے جانے کے دعوے کو مسترد کیا تھا اور سروسز میں تعطل کی وجہ ’سسٹم میں خرابی‘ کو قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ اگست میں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اٹھارٹی ( پی ٹی اے) نے وی پی این کے استعمال پر سختی شروع کردی تھی، جس کا مقصد پہلے سے پابندی کا شکار مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ تک رسائی کو محدود کرنا تھا