Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش نکال لی گئی

Incident of a child falling into a manhole near Nipa Chowrangi
اپ ڈیٹ رہیں – فوری اطلاعات کے لیے ٹی او کے کو واٹس ایپ پر فالو کریں۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گرنے والا بچہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود نہیں مل سکا، عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ بلاک کردی، مشتعل افراد نے میڈیا اور پولیس پر حملہ کرتے ہوئے گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی رہائشی فیملی اتوار کی رات خریداری کے لیے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب شاپنگ سینٹر آئی تھی جہاں پر 3سال کا بچہ کھلے مین ہول میں گر گیا۔ بچے کے والد کا کہنا ہےکہ شاپنگ کرکے نکلے تو بیٹا ہاتھ چھڑا کربھاگا اور آنکھوں کے سامنے گٹر میں جاگرا، مین ہول پر ڈھکن نہیں تھا۔

واقعے کے بعد نیپا چورنگی پر شہریوں نے احتجاج شروع کردیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی، مظاہرین کے پتھراؤ سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، شرپسند عناصر کی جانب سے آپریشن میں خلل کے باعث ریسکیو اہلکاروں نے آپریشن روک دیا، مشتعل افراد نے نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک بند کردی، نیپا سےجامعہ کراچی اور گلشن چورنگی جانے والی سڑک بھی بند کردی گئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جس کی بھی غفلت ہوگی اس کیخلاف کارروائی کی جائیگی، فوری انکوائری شروع کردی کہ مین ہول کا ڈھکن کیوں نہیں تھا جبکہ ڈپٹی میئر کراچی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ڈپٹی میئر کراچی

ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے کہا کہ واقعے کے بعد تمام ریسکیواداروں کوالرٹ کردیا ہے، ہدایت کردی ہے کہ جلد سے جلد بچےکو تلاش کیا جائے، جس کی بھی غفلت ہوتی اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 3 سالہ بچے کے مین ہول میں گرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، انہوں نے کہا کہ واقعے پر شدید افسوس ہے، اہلخانہ کے ساتھ کھڑا ہوں۔

فاروق ستار کے پہنچنے پر شہری مشتعل

مین ہول میں گرنے کے واقعے پر ایم کیوایم رہنما فاروق ستار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فاروق ستارکے پہنچنے پر شہری مشتعل ہوگئے، مشتعل شہریوں نے ڈاکٹرفاروق ستار کو گاڑی سے اترنے نہیں دیا جس کے بعد ایم کیو ایم رہنما گاڑی سےاترے بغیر روانہ ہوگئے۔ بچے کے مین ہول میں گرنے کے واقعے پر ڈاکٹر فاروق ستارکا کہنا تھا کہ نیپا چورنگی پر بچے کے مین ہول میں گرنے کے واقعہ پر گہرا دُکھ ہے، ٹوٹی سڑکیں، کھلے گٹر حکومت سندھ اور میئرکراچی کی کارکردگی کامنہ بولتا ثبوت ہیں۔

کوئی بھی ادارہ مدد کو نہیں آیا: بچے کے والدین

نیپا کے قریب مین ہول میں گرنے والے بچے کے والدین نے میئرکراچی، گورنرسندھ، سندھ حکومت اور دیگر حکام سے مدد کی اپیل کی ہے۔ اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے بچے کے والدین نے بتایا کہ بچے کے گرنے کے بعد کوئی بھی ادارہ مدد کو نہیں آیا، ریسکیو کیلئے شاول بھی خود 15 ہزار روپے کرائے پر لے کر آئے، واقعے کو گھنٹوں گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک بچہ نہیں مل سکا۔

یونیورسٹی روڈ بند ہونے کے باعث متبادل راستے؟

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے گرنے کے واقعے کے خلاف عوام کے احتجاج سے  سرسید یونیورسٹی کے قریب یونیورسٹی روڈ کے دونوں ٹریک ٹریفک کیلئے بند ہیں،  ٹریفک کو نیپا چورنگی سے مین راشد منہاس روڈ جوہر موڑ کی طرف اور حسن اسکوائر سے نیپا جانے والی ٹریفک کو المصطفی ہسپتال سے اندرون آبادی کی طرف بھیجا جارہا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں، عوام ہیلپ لائن 1915 پر کال کرکے بھی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

  میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گرنے والے بچے کے واقعے پر کہا ہے کہ اہلخانہ کی ہر ممکن مدد کرینگے، والد کا مؤقف سنا جس میں انہوں نے کہا رات گئے مشینری نہیں ملی، واٹر کارپوریشن کو تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اگر کوئی افسر غفلت میں ملوث ہوا تو اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے لوگ اس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرینگے، پچھلے ایک سال میں 88 ہزار مین ہولز کور واٹر کارپوریشن نے مختلف علاقوں میں لگائے ہیں۔ صحافی کے سوال ( اگر یہ حکمران کا بچہ ہوتا تو آپ کا یہ رعمل ہوتا، آپ کو نیند کیسے آجاتی ہے؟ ایک اللہ کی بھی عدالت ہے) کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا میں حکومت کا حصہ ہوں اور خود آیا ہوں، اس طرح کی اشتعال انگیز گفتگو کے باعث ہی ہم معاملات حل نہیں کرپاتے، اگر سڑک بلاک کرنے سے ان والدین کا مسئلہ حل ہوجاتا ہے تو سو بسم الله۔

 انہوں نے کہا کہ میں چاہتا تو یہ پریس کانفرنس منسوخ کردیتا لیکن میں یہ سمجتا ہوں یہ میری ذمہ داری  ہے، یہ میرا شہر ہے، میرے لوگ ہیں میں اوپر والے اور عوام  کے سامنے جوابدہ ہوں، میرا رب میری نیت اور کام کو جانتا ہے۔

شہریوں کی تذلیل کی جا رہی ہے: امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ میئر کراچی نے سارے ادارے اپنے قبضے میں کر رکھے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرکے  ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بی آر ٹی کے نام پر شہریوں کی تذلیل کی جا رہی ہے، روزانہ اس طرح کے واقعات ہورہے ہیں، کراچی کے شہری کبھی ٹرالر کی زد میں آتے ہیں کبھی گٹر میں گرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میں کرپشن بڑا کاروبار بن چکا ہے، ان کی سرپرستی کون کر رہا ہے سب کو پتہ ہے، اس بی آر ٹی کے ڈیزائن میں بھی مسائل ہیں۔

سٹی کونسل اجلاس میں اپوزیشن کے مئیر قاتل کے نعرے

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت سٹی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کی جانب سے میئر کراچی کے خلاف نعرے بازی کی گئی، اپوزیشن نے ایوان میں قاتل قاتل مئیر قاتل کے نعرے لگائے، اپوزیشن کو نیپا سانحہ پر بات کرنے سے روک دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ ہم زمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے یہ کسی کی زمہ داری ہے، ہم ہر یوسی کے چیئرمین کو دیے گئے گٹر کے ڈھکن گنوا دینگے۔ قبل ازِیں اجلاس میں گلشن اقبال میں مین ہولز میں گر گر جاں بحق ہونے والے بچے کے لیے دعا کی گئی۔

مین ہول میں گرنے والے بچے کی لاش نکال لی گئی

ریسکیو 1122 کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے والے کمسن بچے ابراہیم کی لاش نکال لی گئی ہے، 16 گھنٹے کے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد بچے کی لاش ملی ہے۔

شیئر کریں

گوگل نیوز پر ٹائمز آف کراچی کو فالو کریں اور اپنی پسندیدہ مواد کو زیادہ تیزی سے دیکھیں۔
Leave a Reply
ریلیٹڈ پوسٹس
Close Button
Advertisement