کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے آج( 5 نومبر) شام 8 بجکر 30 منٹ پر نشتر پارک میں سالانہ مجلسِ عزا کے موقع پر خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں، اور مجالس میں شرکت کرنے والے افراد کے لیے متبادل راستے اور ڈائیورشن پلان مرتب کر دیا گیا ہے۔
کون کونسی سڑکیں بند ہوں گی؟
ٹریفک حکام کے مطابق ایم اے جناح روڈ کیپری سینما سے نمائش کی جانب بند ہوگا، سولجر بازار سگنل نمبر تین کی جانب بریٹو روڈ نمائش چورنگی تک مکمل بند ہوگا، پی پی چورنگی سے نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
متبادل راستہ
پولیس کی جانب سے مجلسِ عزا کے موقع پرایم اے جناح روڈ کیپری سینما سے صدر دواخانہ کی جانب ٹریفک کو ڈائیورشن دی جائے گی۔ ٹریفک کو 45 کانگریس، نوائے وقت سے پی پی چورنگی کی جانب جانے کی اجازت ہوگی، اسی طرح عوامی گیٹ سے کوریڈ تھری سوسائٹی سگنل کی جانب ٹریفک کو موڑا جائے گا اور سولجر بازار تین نمبر سگنل سے ٹریفک کو گرو مندر کی جانب بھیجا جائے گا۔
مزید پڑھیں:جے یو آئی کا عوامی اجتماع ! کراچی میں آج کون کون سے راستے بند ہوں گے؟
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ دورانِ آمدورفت متبادل راستوں کا استعمال کریں، ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں، اور ٹریفک نشانات و ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ مزید معلومات کے لیے کراچی ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ملاحظہ کریں اور ٹریفک سے متعلق کسی بھی ایمرجینسی کی صورت میں ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں جہاں ہمارے نمائندے ہمہ وقت آپ کی مدد کے لیے موجود ہیں۔