کراچی میں تجاوزات، غیرقانونی پارکنگ اور منشیات کے عادی افراد کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت شہر کے نظم و ضبط سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں کراچی کو صاف، محفوظ اور قابلِ رہائش شہر بنانے کے لیے بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی پولیس، ڈی آئی جی ٹریفک، میونسپل کمشنر کے ایم سی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر مشترکہ آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ تجاوزات، غیرقانونی پارکنگ اور منشیات کے عادی افراد کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
مزید پڑھیں:آئی آئی چندریگر روڈ پر شاہین کمپلیکس تا ٹاور پارکنگ ممنوع قرار
میئر کراچی نے کہا کہ فری پارکنگ زونز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور غیرقانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں اور جرمانے عائد کیے جائیں گے ساتھ تجاوزات دوبارہ قائم کرنے والی دکانوں کو بغیر نوٹس سیل کیا جائے گا اور چوری شدہ بلدیاتی اثاثے خریدنے والے دکانداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر غیر فعال ٹریفک سگنلز کی بحالی اور نئی روڈ مارکنگز کی منظوری بھی دے دی گئی۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہری جلد نئی روڈ مارکنگز کے ذریعے بہتر ٹریفک نظام کا مشاہدہ کریں گے ، کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔