نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ممکنہ بارشوں کے باعث سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے
جاری کردہ الرٹ کے مطابق گلگت، اسکردو، ہنزہ اور شگر میں آج 28 سے 31 جولائی کے دوران شدید بارش متوقع ہے، اس دوران کشمیر کے علاقوں مظفر آباد، وادی نیلم اور باغ میں بھی خوب بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے الرٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پید ا ہونے کا خدشہ ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر لینڈ سلائیڈنگ کی بھی توقع ہے، وادی چترال، بونی اور ریشن کے علاقوں میں ممکنہ بارش اور گلیشئرز کے پگھلنے کے باعث دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے، بارشوں کے پیش نظر مظفرآباد اور باغ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیش آسکتی ہے۔
مزید پڑھیں:ملک کے مختلف علاقوں میں اگلے 24گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام ادارے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اہلکار، مشینری اور ریسکیو ٹیمیں تیار رکھیں۔
مقامی انتظامیہ اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بروقت اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔