کراچی میں انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان (ESUP) نے 19 جولائی 2025 کو کراچی میں اپنا سالانہ عشائیہ منعقد کیا، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز اراکین، سفارت کاروں اور سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد ثقافتی اور علمی تبادلے کا فروغ تھا۔
انگلش اسپیکنگ یونین کے ترجمان کے مطابق تقریب میں سندھ کے وزیرِ بلدیات جناب جام خان شورو مہمانِ خصوصی تھے، جنہیں (ESUP)۔ کی قیادت نے تعلیمی و ثقافتی اقدامات میں ان کی مسلسل حمایت کے اعتراف کے طور پر اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس عشائیے میں کئی نامور شخصیات شریک ہوئیں، جن میں(ESUP) کے سرپرستِ اعلیٰ جناب عزیز میمن اور صدر جناب پرویز مدراس والا شامل تھے۔
ترجمان کے مطابق یہ سالانہ عشائیہ نہ صرف ممبران اور معزز مہمانوں کے لیے ملاقات اور رابطے کا ذریعہ بنا بلکہ (ESUP) کے اُس عزم کی بھی تجدید ہوئی، جو نوجوانوں اور پیشہ ور افراد میں تقریری صلاحیتوں، ثقافتی ہم آہنگی، اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر گفتگو کو فروغ دینے سے وابستہ ہے۔ انگلش اسپیکنگ یونین آف پاکستان ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو انگریزی زبان کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کام کرتی ہے۔
یہ تنظیم مسلسل ایسے مواقع فراہم کرتی ہے جہاں بامعنی مکالمے، تنقیدی مباحثے اور صحت مند تبادلہ خیال کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔(ESUP)باقاعدگی سے عالمی سطح کی تقریبات جیسے انٹرنیشنل پبلک اسپیکنگ کمپٹیشن(IPSC)اور شاعری کے مقابلے منعقد کرتی ہے، جن میں نوجوانوں کو اپنی بات پُراعتماد اور باوقار انداز میں پیش کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔
تقریب کا اختتام (ESUP) کے اُس عزم کی تجدید پر ہوا کہ وہ نوجوانوں کی فکری تربیت، بین الاقوامی ہم آہنگی اور مؤثر اظہارِ خیال کے مشن کو جاری رکھے گا۔