اب ہر گھر میں لگے گا معیاری اور انرجی سیور پنکھاجس سے نہ صرف بجلی کی بچت ہو گی بلکہ صارفین کو ملے گا بھاری بلوں سے بھی چھٹکارا ، کیونکہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں گھروں میں لگے غیر معیاری پنکھوں کی تبدیلی کی اسکیم تیار کرلی ہے،کمپنی گھر آکر صارف کی مرضی کا پنکھا لگائے گی۔نئے پنکھے کی رقم ایک سال کے اندر بجلی کے بل میں وصول کیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نیشنل انرجی ایفیشنی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کے منصوبےکے لئے اسٹیٹ بینک کی رسک گارنٹی پر بینک پنکھوں کی تبدیلی کے لیے 1500 ارب روپے کا قرض دیں گے۔ اتھارٹی پنکھوں کی تبدیلی کے لئے ایک ویب پورٹل بنائے گی جس پر تمام بینک تمام کمپینوں کے پنکھوں کی قمیت درج کریں گے۔
صارفین آن لائن اپلائی کریں گے اور کنفرمیشن کی صورت میں پنکھے بنانے والی کمپنیاں خود گھر آکر صارف کا پنکھا تبدیل کردے گی۔ تاہم یہ سہولت بینک ڈیفالٹرز کے لیے نہیں ہوگی۔
اسکیم کے تحت پہلے مرحلے میں 8 کروڑ 80 لاکھ پرانے پنکھے تبدیل ہوں گے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت 14کروڑ 70 لاکھ غیر معیاری پنکھے لگے ہوئے ہیں جو پیک سیزن میں سات ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں۔
پرانے اور غیر معیاری پنکھے تبدیل کرنے سے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی۔حکام کے مطابق پنکھے کی قسط کی رقم اتنی ہی ہو گی جتنا پرانے پنکھوں سے ماہانہ بل آجاتا ہے اس لیے یہ صارف پر بوجھ نہیں بنے گا ۔
صارفین کے گھروں پر لگے غیر معیاری پنکھے کی قیمت پندرہ سو روپے مقرر ہوگی۔توانائی تحفظ اتھارٹی نے پنکھوں کی تبدیلی کا جامع پلان وزارت خزانہ میں جمع کرا دیا ہے ۔