Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گر گئی، 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

5 Story Building Collapsed in the Lyari

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے اب تک 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ عمارت کے ملبے تلے پھنسے لوگوں کو نکالنے کےلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 مرد، 3خواتین اور ایک 7 سال کا بچہ شامل ہے۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ زخمی 3 افراد طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیے گئے جبکہ 4 اب بھی زیرعلاج ہیں۔

راستوں اورنیٹ ورک کی بندش سےریسکیو آپریشن میں مشکلات:

ریسکیو1122 کے ایکٹنگ ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرعابدجلال الدین شیخ کے مطابق لیاری بغدادی میں عمارت منہدم ہونے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ مجموعی طور پر ریسکیو 1122 کی 5 ڈزازسٹر رسپانس وہیکل، 2 اسنارکل، متعدد ایمبولینس اور 100 سے زائد ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

ایکٹنگ ڈائریکٹرجنرل کے مطابق لوگوں کے بےہنگم ہجوم، جگہ جگہ راستے بلاک اور نیٹ ورک کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ واقعے میں اب تک 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 8 زخمیوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ ملبے سے مز ید افراد نکالنے کا عمل تاحال جاری ہے اور سین کلیئر ہونے تک کاروائی جاری رکھی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس، رپورٹ طلب

اس واقعے سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لے کر فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو عمارت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ ایس بی سی اے سے بوسیدہ عمارتوں کی فوری تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ خطرناک عمارتوں کی فوری نشاندہی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے

گورنر سندھ کی مؤثر امدادی کارروائی کی ہدایت

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے لی مارکیٹ میں رہائشی عمارت گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر سندھ نے ریسکیو اداروں کو فوری، مؤثر اور ہم آہنگ امدادی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر ملبے تلے پھنسے افراد کو بحفاظت نکالا جائے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ناقابلِ برداشت ہوگی۔

تحقیقات کیلئے اعلٰی سطحی کمیٹی قائم:

ترجمان وزیر بلدیات سندھ کا کہنا ہے کہ لیاری کے علاقے بغدادی میں بلڈنگ گرنے کی تحقیقات کیلئے فوری طور پر ایک اعلٰی سطحی کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی تین دن کے اندر اندر اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی برتنے والے افسران کی نشاندہی کرکے رپورٹ وزیر بلدیات کو پیش کریے گی۔ ترجمان کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں۔

وزیراعظم کی آپریشن تیز کرنے کی ہدایت:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے علاقے لیاری میں رہائشی عمارت گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلند درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔ وزیراعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کی اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے حوالے سے ریسکیو آپریشن تیز تر کرنے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔

صدرِ مملکت کی وجوہات کا فوری تعین کرنے کی ہدایت:

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں عمارت گرنے کے افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلیے دعا بھی کی۔ صدر مملکت نے سندھ حکومت کو امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور متاثرہ افراد کو فوری ریسکیو کرنے اور ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے پر زور دیا، انہوں نے حادثے کی وجوہات کا فوری تعین کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔

سندھ حکومت ہر امداد فراہم کرے گی: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں عمارت گرنے کے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاری میں عمارت گرنے والا سانحہ انتہائی افسوسناک ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ سندھ حکومت ہر امداد فراہم کرے گی۔

ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور بلڈنگ انسپکٹر معطل

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی لیاری کے علاقے بغدادی پہنچے اور جائے وقوعہ کا دورہ کیا، لیاری میں گرنے والی عمارت کے حوالے سے تفصیلات لی۔ سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ پر ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے ضلع جنوبی اور بلڈنگ انسپکٹر کو معطل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے پہلی ترجیع ملبے سے زخمیوں کو باہر نکالنا ہونا چاہیے، تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے، متاثرہ عمارت کے ملبے تلے دبے اگر کوئی انسانی جان ہے تو اس کو بچایا جائے۔

چار بار نوٹسز فراہم کیے تھے: میئر کراچی

میئر کراچی مرتضی وہاب نے لیاری کے علاقے بغداد میں گرنے والی عمارت کا دورے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مبلے تلے دبے افراد کو نکلنے کے حوالے سے ٹیمیں کام کر رہی ہیں، ریسکو اپریشن مکمل ہونے میں کچھ وقت لگے گا، اب تک سات افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ملی ہے، اس افسوس ناک سانحہ میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑا جائے گیا، متاتر عمارت کو خالی کرنے کے لیگ ایس بی سی اے نے چار بار نوٹسز فراہم کیے تھے، اس عمارت کے مقیم افراد اپنی جائیداد سمجھ کر خالی نہیں کرتے تھے۔

کل یہ بلڈنگ ہلی تھی: فیصل ایدھی

ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے لیاری کے علاقے بغدادی میں گرنے والی عمارت کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت میں 15 سے زائد فلیٹ تھے، لوگ کہہ رہے ہیں کہ تقریبا 40 کے قریب لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ فیصل ایدھی نے بتایا کہ کل یہ بلڈنگ ہلی تھی اس نے اپنی جگہ چھوڑی تھی، اس میں سے جو لوگ جا سکتے تھے نکل کر چلے گئے تھے باقی آج ملبے میں دب گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ گنجان علاقہ ہے یہاں دو مرلہ سے زیادہ بلڈنگ بنانے کی اجازت نہیں لیکن بلڈرز مافیا 12 12 منزلیں بنادیتے ہیں، جتنا بھی اولڈ سٹی ایریا ہے ان میں غیر قانونی عمارتیں بنانا عام ہے اور اس میں کسی بھی سیاسی لیڈر کو اپنا پارٹنر بنالو پھر چاہیے جتنی مالہ عمارت بنالو۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button