کسی بھی ملک میں داخلے کے لیے ویزا لازمی ہوتا ہے، لیکن اب ایک چھوٹا سا ملک دنیا بھر کے مسافروں کو ایک حیرت انگیز موقع دے رہا ہے یہ ملک بحرالکاہل میں واقع ناؤرو ہے، جو اپنی شہریت فروخت کر رہا ہے، اور اسکی شہریت کے حامل افراد 89 ممالک میں بغیر ویزا کے ساتھ داخل ہو سکتے ہیں۔
شہریت حاصل کرنے کے لیے آپ کو 1 لاکھ 5 ہزار امریکی ڈالر یعنی تقریباً 3 کروڑ پاکستانی روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اس کے بدلے آپ کو ناؤرو کا گولڈن پاسپورٹ ملے گا، ناؤرو کے گولڈن پاسپورٹ کے حامل افراد برطانیہ، متحدہ عرب امارات، سنگاپور، آئرلینڈ اور دیگر ممالک میں بغیر ویزا جا سکتے ہیں۔
گولڈن پاسپورٹ ایک ایسا خصوصی پاسپورٹ ہوتا ہے جو کسی ملک میں سرمایہ کاری کرنے ، ڈونیشن یا جائیداد کی خریداری کے زریعے شہریت حاصل کرنے کے بدلے میں دیا جاتا ہے۔
شہریت کے حصول کے لیے درخواست دہندگان کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے، ان کا کریمنل ریکارڈ صاف ہو، اور وہ فنڈز کا ذریعہ ثابت کر سکیں، درخواست گزار کو ایک لازمی انٹرویو مکمل کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی وفاداری کا حلف بھی لینا ہوگا۔ میاں بیوی، 30 سال سے کم عمر کے بچے، اور بوڑھے والدین بھی اس درخواست میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔
ناؤرو واحد ملک نہیں جو اپنی شہریت فروخت کر رہا ہے۔ دنیا کے 20 ممالک ایسے ہیں جو سرمایہ کاری یا جائیداد خریدنے کے بدلے گولڈن پاسپورٹ فراہم کرتے ہیں، جن میں آسٹریا، مالٹا، ڈومینیکا، سینٹ لوشیا اور ترکیہ شامل ہیں ۔ پاکستان بھی 120 ممالک کے غیر ملکی شہریوں کو بزنس ، ٹورازم اور سکھ یاتریوں کی کیٹیگری میں 90 روز کے لئے ملٹی پل انٹری آن ارائیول ویزہ فراہم کرتا ہے جبکہ جی سی سی کے چھ ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین، سعودی عرب، عمان، قطر اور کویت کے شہریوں کو 90 دنوں تک پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہے۔
تو کیا آپ بھی بغیر ویزا دنیا گھومنے کے لئے تیار ہیں کمنٹس میں اپنی رائے ضرور دیجئے گا۔