Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

مناسک حج کا آج سے آغاز، عازمین حج کی منیٰ آمد کا سلسلہ جاری

Hajj 2025 Today Pilgrims Going Mina

لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی روح پرور صداؤں کے ساتھ مناسکِ حج 1446ھ کا باقاعدہ آغاز آج 8 ذوالحجہ کو ہو رہا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں عازمینِ حج منیٰ میں قائم دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی کی جانب روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ آج کا دن عبادات، دعا اور استغفار میں گزاریں گے۔ اس سال مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد عازمینِ حج کی شرکت متوقع ہے، جن میں لاکھوں مقامی اور غیر ملکی افراد شامل ہیں۔

مناسکِ حج کے پہلے روز حجاج کرام منیٰ میں قیام کریں گے، جب کہ کل 9 ذوالحجہ کو وہ رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کے لیے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔ میدانِ عرفات میں امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیں گے اور نمازِ ظہر و عصر کی امامت کریں گے۔

پھر مزدلفہ میں حجاج کرام شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے اور حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے، 10 ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہوں گے۔

مزید پڑھیں:حج 2025، مکہ اور مدینہ میں 5 عازمین حج انتقال کر گئے

پھر حجاج بڑے شیطان کو 7 عدد کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے۔ حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔ رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے۔

12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ 13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منی سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین کو سعودی سرکاری کمپنی سے 442 بسیں ملی ہیں، پاکستان حج مشن نے نجی کمپنی سے 510 اضافی بسیں حاصل کی ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مشاعر کے دوران 25 ہزار 861 عازمین بسوں سے روانہ ہوں گے۔ 62 ہزار پاکستانی عازمین ٹرین کے ذریعے مشاعر کا سفر کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق جمعرات سے حرم کیلئے سرنگوں کے ذریعے 4 کلومیٹر راستہ پیدل طے ہوگا، پاکستانی عازمین جمعرات سے حرم کیلئے سعودی شٹل سروس بھی استعمال کرسکیں گے۔

دوسری جانب مقامات مقدسہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ اسپتال، ڈسپنسریاں اور عارضی کلینکس قائم کیے گئے ہیں۔
سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے 8 ایئر ایمبولینس بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ پاکستان حج مشن نے پاکستانی عازمین کے لیے مخصوص مکاتب میں طبی سہولیات مہیا کی ہیں۔

سیکیورٹی کے پیشِ نظر 40 ہزار فوجی جوان اور 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ رائل سعودی سیکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹرز مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کی فضائی نگرانی بھی کر رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں رکھی جا سکے۔

مزید پڑھیں:جہاز عامر قذافی کے بغیر نہیں اڑسکتا: لیبیا کے شہری کی معجزاتی کہانی

اس سال سعودی حکومت نے غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کے خلاف سخت اور غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ اب تک 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے۔
ان میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو بغیر حج پرمٹ کے داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ غیر قانونی حج کی کوشش کرنے والے افراد پر 50 ہزار سے 1 لاکھ ریال تک جرمانے، قید اور ملک بدری جیسی سزائیں عائد کی جا رہی ہیں۔

سعودی شہریوں پر بھی کارروائی کی گئی ہے جنہوں نے غیر قانونی طریقے سے غیر ملکیوں کو مکہ مکرمہ لانے کی کوشش کی۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button