کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) نے سندھ میں مورو، کنڈیارو، اور نوشہروفیروز کے علاقوں میں قومی شاہراہ کی ایک بار پھر بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے بیان میں کہا کہ تاجر برادری ابھی تک ببرلو دھرنے اور احتجاج کے نقصانات سے نہیں سنبھلی۔ چار روزہ ہڑتال کے بعد 13 دن کی شاہراہ بندش نے نہ صرف ترسیلات کو متاثر کیا بلکہ ملکی معیشت کو بھی شدید دھچکا پہنچایا۔
مزید پڑھیں؛پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی ملک گیر احتجاج کی دھمکی
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ بندش ایک ہفتے تک جاری رہی تو نقل و حمل کا بیک لاگ کلیئر کرنے میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں، جس سے درآمدات، برآمدات، اور اندرون ملک تجارتی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑے گا۔
جاوید بلوانی نے حکومت سندھ سے فوری مداخلت کی اپیل کی تاکہ شاہراہیں کھولی جائیں اور سپلائی چین کی روانی بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ معیشت مزید تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی، اور مسئلے کا فوری اور پائیدار حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔