بھارتی حکومت نے پاکستان کے پرچم سمیت پاک فوج سے اظہار محبت اور پاکستان کی حب الوطنی بیدار کرنے والی دیگر اشیا کی آن لائن فروخت پر ایمازون اور فلپ کارٹ سمیت دیگر پلیٹ فارمز کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
بھارت کے مرکزی وزیر نے اپنی ایکس پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے شکایات کے بعد ایمازون، فلپ کارٹ، دی فلیگ کمپنی، یوبائے انڈیا، اٹسے اور دی فلیگ کارپوریشن کو پاکستانی پرچم سمیت دیگر پاکستان سے اظہار محبت کے لیے استعمال ہونے والی دیگر اشیا کی آن لائن فروخت پر نوٹسز بھجوا دیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام پلیٹ فارمز اور کمپنیوں کو فوری طور پر پاکستان پرچم سمیت وہاں کی دیگر مصنوعات کی تصاویر اور ویڈیوز ہٹانے اور فروخت کرنے سے روک دیا۔ مرکزی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام پلیٹ فارمز کو بھارتی قوانین پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تنازع کے بعد انڈیا میں پاکستانی پرچم اور پاکستان سے اظہار محبت کے لیے استعمال ہونے والی دیگر اشیا کی آن لائن فروخت جاری تھی، جس پر بعض تجارتی و کاروباری یونینز نے حکومت کو توجہ دلایا۔
مزید پڑھیں:پاکستان کی حمایت پر بھارت نے ترک ایوی ایشن کمپنی کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کردی
تجارتی تنظیم نے مرکزی حکومت کو خط لکھ کر بتایا تھا کہ بھارت میں پاکستانی پرچم سمیت پاکستانی حب الوطنی بیدار کرنے والی دوسری چیزوں کی فروخت انڈیا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ اور ملک کی حفاظت کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے ایسی اشیا کی آن لائن فروخت پر بھی فوری پابندی لگائی جانی چاہیے۔
مرکزی حکومت نے آن لائن پلیٹ فارمز کی جانب سے پاکستانی پرچم سمیت دیگر چیزوں کی فروخت کر عوام کے جذبات مجروح کرنے کے خلاف قرار دیا اور پلیٹ فارمز کو ہدایات جاری کردیں کہ پاکستانی پرچم کی فروخت بند کرکے اس کی تصاویر بھی ویب سائٹ سے ہٹائی جائیں۔