نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے سیز فائر کی مدت 18 مئی 2025 تک بڑھا دی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ مکا مارا تو اس بار جوابی مکا بھی کھائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 10 مئی کو ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے میں سیز فائر کو 12 مئی تک بڑھایا گیا، پھر 12 مئی کو اسے 14 مئی تک توسیع دی گئی، اور اب 14 مئی کو ہونے والی بات چیت کے بعد سیز فائر 18 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے الزام تراشی کو پرانا وتیرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے فوری طور پر پاکستان پر الزام لگایا، لیکن ہم نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ ہر وار کا جواب دیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے بھارت کے چھ طیارے گرائے، اور ہمارا ایک بھی جہاز متاثر نہیں ہوا۔
سینیٹ میں متفقہ قرار داد منظور
وزیر خارجہ نے کہا کہ سینیٹ میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی ہے، اور قومی سلامتی کمیٹی نے حالات کے پیش نظر اہم فیصلے کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری سے مسلسل رابطہ تھا، اور دنیا کو بتایا گیا کہ پاکستان ذمہ داری سے کام لے رہا ہے۔
مزید پڑھیں؛پاکستان بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان تیسرا ہاٹ لائن رابطہ
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں پاکستان کو ایٹمی طاقت سمجھ کر احتیاط کا مشورہ دے رہی تھیں، لیکن ہم نے صبر کا دامن تھامے رکھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کا جھوٹا بیانیہ اس بار دنیا میں نہیں بکا، اور کئی ممالک نے تسلیم کیا کہ بھارت جارحیت کر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کو چھ طیارے گرائے جانے کی بات ہضم نہیں ہوئی، لیکن ہم نے دنیا پر ثابت کیا کہ ہماری خودداری، تحمل اور عسکری تیاری مکمل ہے۔