بھارتی ریاست مدھیا پردیش کی ہائی کورٹ نے بھارتی فوج کی مسلمان افسر کرنل صوفیہ قریشی سے متعلق نامناسب الفاظ کہنے پر ریاستی وزیر کنور وجے شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر وجے شاہ نے بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن کہا تھا۔ وجے شاہ نے ایک تقریب میں کہا تھا کہ مودی نے دہشت گردوں کی بہن کرنل صوفیہ قریشی کو سبق سکھانے کے لیے آگے کر دیا ہے۔
کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن کہنے پر کانگریس کے کارکنوں نے بھارتی وزیر کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ کانگریس کے مشتعل کارکنوں نے بی جے پی کے ریاستی وزیر وجے شاہ کے نام کی تختی پر سیاہی پھینک دی۔
مزید پڑھیں:بی جے پی رہنما کا بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ کیخلاف بیان
واضح رہے کہ اس نفرت انگیز بیان کے بعد وجے شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر انہوں نے ایک تعزیتی بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں، کرنل صوفیہ کی اپنی بہن سے زیادہ عزت کرتا ہوں۔
بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وجے شاہ کو مدھیہ پردیش کی کابینہ سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے اپنے بیان میں کہا کہ جن کسی نے بھی یہ نفرت انگیز بیان دیا ہے اسے فوری طور پر معطل کیا جا نا چاہے۔