پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے ایک ارب 2 کروڑ 3 لاکھ ڈالر کی قسط موصول ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایک ارب 2 کروڑ 3 لاکھ ڈالر کی قسط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف نے رقم ای ایف ایف قرض پروگرام کی دوسری قسط کےطور پر جاری کی ہے۔
مزید پڑھیں:آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی نئی قسط منظور کرلی
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے پاکستان کی معیشت کا جائزہ لینے کے بعد قسط جاری کرنےکی سفارش کی تھی، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے رقم جاری کرنےکی منظوری 9 مئی کو دی تھی، دوسری قسط کی رقم 16 مئی 2025 کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ ہوگی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج سے ویڈیو لنک کے ذریعے مذاکرات شروع ہوں گے جس میں حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ نئے مالی سال کے بجٹ پر مشاورت کرے گی اور بجٹ 26-2025 کے اہداف کا باہمی مشاورت سے تعین کیا جائےگا۔
رپورٹ کے مطابق حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اقتصادی اصلاحات جاری رکھےگی، آئی ایم ایف وفدکا آئندہ ہفتے پاکستان دورےکا امکان ہے۔ آئی ایم ایف کا دورہ پاکستان ایک ہفتے تاخیرکا شکار ہے۔