Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

ٹرمپ کے لئے قیمتی قطری لگژری جہاز کا تحفہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قطر سے تحفے میں ملنے والے لگثری جہاز 747-8 کو قبول کرنے کے بیان نے امریکہ میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔ اگرچہ وائٹ ہاؤس نے وضاحت کی ہے کہ تحفہ تمام قانونی تقاضوں کے مطابق ہی قبول کیا جائے گا لیکن اس پورے معاملے نے کئی اخلاقی اور قانونی سوالات کو جنم دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قیمتی تحفے کا اعلان آئندہ ہفتے ٹرمپ کے مجوزہ دورہ قطر کے دوران متوقع ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی حکومت سے اتنا مہنگا تحفہ لینا، خصوصاً جب اس ملک سے ٹرمپ کے ذاتی کاروباری تعلقات بھی موجود ہوں، صدارتی منصب کے وقار اور خود مختاری پر سوالیہ نشان ہے۔ اس طیارے کو اپ گریڈ کرکے امریکی صدر کی سواری کے قابل بنایا جائے گا۔  بعد ازاں اسے  ٹرمپ کی صدارتی لائبریری کے لیے وقف کرنے کی تجویز ہے۔

اے بی سی نیوز نے اس طیارے کو ’اڑتا ہوا محل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطری شاہی خاندان کی طرف سے تحفے میں دیا گیا یہ بوئنگ 747-8 جمبو جیٹ ممکنہ طور پر امریکی حکومت کو اب تک ملنے والا سب سے مہنگا تحفہ ہو گا۔ اس طیارے کی ممکنہ مالیت 400 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

ڈیموکریٹک اراکین اور حکومتی نگرانی کے ادارے اس پر شدید تنقید کر رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ صرف “تحفہ” نہیں بلکہ ایک معاہدہ ہےجو ٹرمپ کو ذاتی فوائد فراہم کر سکتا ہے۔

دوسری طرف، ٹرمپ اور ان کے حامی اسے ایک “شفاف” معاہدہ قرار دے رہے ہیں۔ جس سے عوامی اخراجات میں بچت ہو گی۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو ہارے ہوئے ڈیموکریٹس قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ موجودہ ایئر فورس ون کی حالت ناقص ہے،  اس لیے یہ تحفہ ایک عملی حل ہے۔

ٹرمپ کے بعض حامیوں بھی اس فیصلے پر تنقید کر رہے ہیں دوسری جانب قطر کے حکام نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے کی منتقلی ابھی زیر غور ہے اور کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

یہ منصوبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بوئنگ کی جانب سے نئے ایئر فورس ون طیاروں کی فراہمی میں تاخیر ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ٹرمپ نے متبادل ذرائع تلاش کرنا شروع کیے ہیں۔ انہوں نے فروری میں قطر کے شاہی خاندان کے سابقہ طیارے کا معائنہ بھی کیا تھا۔

تاہم نیو یارک ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ فضائیہ نے قطری 747 کی تزئین و آرائش کے حوالے سے ابھی تک کوئی معاہدہ نہیں کیا ہے۔ ایئر فورس قانونی طور پر ایسا نہیں کر سکتی جب تک کہ وہ طیارے کی اصل ملکیت نہ لے لے ۔

امریکی آئین میں موجود ’ایمولومنٹس کلاز‘ کے تحت سرکاری عہدیداروں کو کسی بھی بادشاہ، شہزادے یا غیر ملکی ریاست سے تحفے قبول کرنے سے روکا گیا ہے۔ اگرچہ وائٹ ہاؤس اور محکمہ انصاف نے اس تحفے کو قانونی قرار دیا ہے، لیکن اس کے اخلاقی اور آئینی پہلوؤں پر بحث جاری ہے۔

Share this news
The views expressed in this article are those of the author and do not necessarily represent the editorial stance of Times of Karachi.
ٹائمز آف کراچی کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button