Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

سندھ ہائی کورٹ نے عامرلیاقت کا پوسٹ مارٹم روک دیا، مجسٹریٹ کا حکم معطل

عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم رکوانے کے لئے انکے بچوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے اہلخانہ کی درخواست پر عامرلیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کا فیصلہ معطل کردیا۔

 

عامر لیاقت کے بیٹے اور بیٹی کے وکیل ضیاء اعوان نے عدالت کو بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے انتہائی جلد بازی میں عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق حکم جاری کیا۔

 

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایک شہری کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا جبکہ ورثاء کا موقف صحیح طریقہ سے نہیں سنا تک نہیں گیا لہذا عدالت عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم رکوانے کا حکم جاری کرے۔

 

وکیل کا مذید کہنا تھا کہ شہری نے صرف مشہور ہونے کے لئے یہ درخواست دائر کی کیونکہ درخواست گزار نے کہا تھا کہ وہ عامر لیاقت کے مداح ہیں اور انکی موت کی وجہ جاننا چاہتے ہیں۔

 

عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ پڑھ کر بھی سنایا گیا جسکے بعد سندھ ہائی کورٹ نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کرانے پر حکم امتناعی جاری کردیا۔

 

عدالت نے پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست دینے والے شہری اور دیگر کو نوٹس جاری کردئے۔ سندھ ہائی کورٹ نے تمام فریقین کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر عدالت میں آکر جواب دیں۔

 

واضح رہے جوڈیشل مجسٹریٹ نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لیے  قبرکشائی کا حکم دیا تھا۔ مجسٹریٹ کے حکم کے مطابق 23 جون بروز جمعرات صبح 9 بجے قبرکشائی کی جانی تھی جسکے لئے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا جاچکا تھا۔

 

ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت 9 جون کو اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے تھے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔

 

انتقال کے بعد پولیس کی کوششوں کے باوجود عامر لیاقت حسین کے اہلخانہ نے پوسٹ مارٹم سے انکار کردیا تھا۔ پوليس حکام کا موقف تھا کہ موت کی وجہ کا تعين نہ ہونے کی وجہ سے پوسٹ مارٹم ضروری ہے۔

 

عامر لياقت کے اہل خانہ نے عدالت سے رجوع کيا تھا اورجوڈيشل مجسٹريٹ کے ہمراہ پوليس سرجن کی جانب سے معائنہ کرنے کے بعد ميت ورثا کے حوالے کردی گئی تھی جسکے بعد عامرلیاقت کو عبداللہ شاہ غازی سے متصل قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا تھا۔

 

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button