سعودی عرب نے عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے پالیسی کو مزید آسان بنادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتِ حج وعمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اب کسی بھی ویزے پرسعودی عرب آنے والے افراد عمرہ ادا کرسکیں گے۔ وزارتِ حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ وزٹ، فیملی وزٹ، سیاحتی یا ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے بھی عمرہ ادا کرسکیں گے۔
وزارتِ حج وعمرہ کے مطابق نسک عمرہ پورٹل کو اپڈیٹ کردیا گیا ہے، سعودی وژن 2030 اہداف میں زائرین کو ہرممکن سہولت دینا سرفہرست ہے۔
مزید پڑھیں:عمرے کیلیے ویزا حاصل کرنا پہلے سے آسان ہوگیا، نئی سروس متعارف
دوسری جانب وزارتِ مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم کے کوٹے کو سرکاری اسکیم میں ضم کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پرائیویٹ حج آپریٹرز گزشتہ 15 روز میں صرف 9 ہزار 295 عازمین کی بکنگ کر سکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حج بکنگ کی آخری تاریخ میں 14 دن باقی ہیں جبکہ اب بھی 29 ہزار سے زائد نشستوں پر بکنگ باقی ہے، پندرہ روز میں روزانہ اوسطاً 620 بکنگز ہوئیں، جب کہ ہدف پورا کرنے کے لیے روزانہ کم از کم 2 ہزار 75 بکنگز درکار ہیں، اگر بکنگ مکمل نہ ہوئی تو پرائیویٹ حج کوٹہ سرکاری اسکیم میں ضم کیا جا سکتا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے بکنگ میں تیزی کے لیے پرائیویٹ آپریٹرز کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ رواں سال پرائیویٹ حج آپریٹرز کا کوٹہ 90 ہزار سے کم کرکے 60 ہزار کر دیا گیا ہے، جب کہ گزشتہ سال حج سے محروم رہ جانے والے 21 ہزار 654 عازمین کو بھی اس سال حج پر بھجوایا جائے گا۔