کراچی میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی دن بھر ہلکی بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں آسمان پر سیاہ بادلوں کا راج ہے، اور تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ شہر کے بیش تر علاقوں میں بوندا باندی ہو رہی ہے، ڈیفنس، کورنگی روڈ، شارع فیصل، برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، قیوم آباد، محمود آباد، منظور کالونی، بلوچ کالونی اور اطراف میں بوندا باندی ہو رہی ہے، یونیورسٹی روڈ، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ، گلشن اقبال، ناظم آباد، نارتھ کراچی، میٹروول، سائٹ، بلدیہ، ماڑی پور میں بھی بوندا باندی ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز شہر میں شدید بارش کی پیشنگوئی کر دی ہے، موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 10 ستمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، 9 اور 10 ستمبر کو موسلادھار سے شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل قائم، نمبرز بھی جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 91 فی صد ہے اور ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
دوسری جانب سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشیں جاری ہیں جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، روہڑی، پڈعیدن، لاڑکانہ اور نوشہروفیروز سمیت کئی شہروں میں شدید بارش ہوئی۔