ایشیا کپ 2025 کے ٹکٹس پر شائقین کے لیے مزید خصوصی آفرز کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے منتظمین کے مطابق شائقین کے لیے تین مختلف پیکجز متعارف کرائے گئے ہیں جن کی قیمت 475 درہم سے شروع ہورہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محدود تعداد میں انفرادی ٹکٹ بھی دستیاب ہوں گے۔
پہلا پیکج 475 درہم کا ہے جس میں شائقین بھارت بمقابلہ یو اے ای، پاکستان بمقابلہ عمان اور پاکستان بمقابلہ بھارت کے میچز دیکھ سکیں گے۔ دوسرے پیکج کی قیمت 525 درہم رکھی گئی ہے جس میں سپر فور کے تین میچز شامل ہوں گے۔
تیسرے پیکج کی قیمت بھی 525 درہم ہے جس میں سپر فور کے دو میچز اور فائنل شامل ہوگا۔ آنے والے دنوں میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم پر ٹکٹ آفس بھی کھولے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:گراونڈ میں سخت حریف،میدان سے باہر دوستی کے بھی چرچے،پاک بھارت کھلاڑیوں کی دلچسپ کہانیاں
دوسری جانب قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور سابق کپتان بابراعظم کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں مزید تنزلی ہوگئی۔ آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی ہے، ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشک شر ما پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابراعظم کی 3 درجے اور محمدرضوان کی 2 درجے تنزلی ہوئی ہے، تنزلی کے بعد بابر 21 ویں اور محمد رضوان 22 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ کے مطابق پاکستا ن کےحسن نواز 2 درجے بہتری کے بعد 32 ویں، صائم ایوب 2 درجے تنزلی کے بعد 40 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان آغا لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 18 درجے بہتری کے بعد 59 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔