وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ممتا پروگرام میں خواتین کو نقد امداد 30 ہزار سے بڑھا کر 41 ہزارروپے کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری سماجی تحفظ کے پروگرامز پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ورلڈ بینک کے تعاون سے سوشل پروٹیکشن ڈلیوری سسٹم کا آغاز کیا ہے، جو 2023 میں شروع ہوا اور 2027 میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کا نمایاں منصوبہ “ممتا پروگرام” اس وقت 15 اضلاع میں جاری ہے، جس سے اب تک 7 لاکھ 70 ہزار خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔
مزید پڑھیں:بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں رجسٹریشن کا آسان طریقہ
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خواتین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبے کے 800 اسپتالوں اور ڈسپینسریز کو اس پروگرام سے منسلک کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رجسٹرڈ خواتین کو تین سال کے دوران 30 ہزار روپے نقد امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ یہ امداد بڑھا کر 41 ہزار روپے کر دی جائے تاکہ خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے مزید 7 اضلاع کو “ممتا پروگرام” میں شامل کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔