آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پیٹرولیم گیس ( ایل پی جی) کا گھریلو سلنڈر سستا کر دیا ہے۔ اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی فی کلو ایک روپے17 پیسے سستی ہو کر 214 روپے 19 پیسے مقرر کردی گئی ہے جبکہ اگست میں یہ قیمت 215 روپے 36 پیسے فی کلو تھی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم ستمبر سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 13 روپے 89 پیسے سستا ہوگیا ہے۔ ایل پی جی کے 11.8 کلوگرام کےگھریلو سلنڈرکی قیمت2527 روپے47 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ فی کلو ایل پی جی کی نئی قیمت 214 روپے 19 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیرتوانائی اویس لغاری نے سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کے بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف کا اعلان کردیا ہے، بلوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ملے گی۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے لیسکو ہیڈکوارٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ سیلاب متاثرہ شہریوں کو بجلی بلوں میں بڑی رعایتیں دی جا رہی ہیں تاکہ مشکل حالات میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں :کراچی میں غیر معیاری سلنڈروں فرخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ
اویس لغاری نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے رہائشیوں کو بجلی بل جمع کرانے کیلئے اضافی وقت دیا جا رہا ہے، جبکہ اگر مزید ریلیف کا اعلان ہوا تو ڈسکوز اضافی چارجز بھی معاف کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلابی پانی بڑھنے کے باعث بجلی بحالی کے کام میں تاخیر ہورہی ہے تاہم حالات بہتر ہوتے ہی مکمل سروس بحال کر دی جائے گی۔