Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

ملک میں نیا بارش اسپیل الرٹ جاری، محکمہ موسمیات کی کراچی میں بھی بارش کی پیشگوئی

NDMA issues new rain spell alert
اپ ڈیٹ رہیں – فوری اطلاعات کے لیے ٹی او کے کو واٹس ایپ پر فالو کریں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون کے نئے اسپیل سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈے ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے آنے والے نئے اسپیل کے نتیجے میں اندرونِ سندھ کے اضلاع بشمول حیدرآباد، دادو، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور میں 30 اگست تا 1 ستمبر موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 29 اگست تا 2 ستمبر اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے، پنجاب کے شمالی و شمال مشرقی اضلاع میں 30 اور 31 اگست کے دوران شدید بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ پنجاب کے شمالی اضلاع میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔

وسطی و جنوبی پنجاب میں 29 تا 31 اگست کے دوران بارشیں متوقع ہیں جن کے پیشِ نظر نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔ ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں ممکنہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں:بھارت سے بھیجا ہوا سیلابی ریلہ سندھ میں کب داخل ہوگا؟ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے بتادیا

اسی طرح خیبر پختونخوا میں بھی 29 تا 31 اگست کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق مالاکنڈ و ہزارہ ڈویژن میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے، کے پی اضلاع میں چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، ٹانک، کوہاٹ اور بنوں شامل ہے۔

آزاد کشمیر میں مظفرآباد، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور، بھمبرمیں 29 اگست تا 2 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان میں 29 تا 31 اگست تک بارشیں متوقع ہیں جن کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے ۔۔۔ کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان کے اضلاع میں گلگت، سکردو، ہنزہ، دیامر، استور، غذر اورگانچھے شامل ہیں۔

این ڈی ایم کے مطابق بلوچستان کے ساحلی و مشرقی اضلاع بشمول گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، لسبیلہ، قلات میں 29 اگست تا 1 ستمبر تک بارشیں متوع ہیں جن کے پیشِ نظر نشیبی علاقوں سیلاب کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ممکنہ مزید بارشوں کے نتیجے میں دریائے راوی، ستلج اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں سیلابی صورتحال میں مزید شدت متوقع ہے۔

کراچی میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے کراچی میں صبح اور رات کے وقت بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، اس دوران صبح اور رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے جبکہ سمندری ہوائیں 15کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

شیئر کریں

گوگل نیوز پر ٹائمز آف کراچی کو فالو کریں اور اپنی پسندیدہ مواد کو زیادہ تیزی سے دیکھیں۔
Leave a Reply
ریلیٹڈ پوسٹس
Close Button
Advertisement