ملک میں مون سون سیزن کے ایک اور طاقتور اسپیل کا آغاز ہوگیا، خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع مسلسل شدید برسات کی زد میں ہیں۔
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈسلائیڈنگ نے ہر طرف تباہی مچا دی، سیلابی ریلوں کے باعث کئی گھر ڈوب گئے جنگ نیوز کے مطابق 15 کے قریب افراد ریلے میں بہہ گئے ہیں
ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دالوڑی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ سے کئی گھر ڈوب گئے ہیں، کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی ریلے کا بہاؤ بہت تیز ہے، پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈسلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔ ڈی سی صوابی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیموں کو بلا لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:پختونخوا، جی بی اور آزاد کشمیر میں بارشیں اور سیلابی ریلوں سے تباہی،146 افراد ہلاک
ڈان نیوز کے مطابق صوابی کی تحصیلوں رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں طوفانی بارش کے بعد گھروں میں پانی داخل ہوگیا، جانیں بچانے کے لیے لوگ چھتوں پر چڑھ گئے، جن میں سے 50 افراد کو اب تک ریسکیو کیا جاچکا ہے، صوابی میں شدید بارشوں سے طغیانی آگئی، سٹیفہ موڑ گدون میں سیلابی ریلے میں کئی لوگ پھنس کر رہ گئے، متاثرہ افراد نے جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر پناہ لے لی ہے اور امداد کے منتظر ہیں۔