Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

راشد منہاس روڈ حادثہ، 7 ڈمپرز کو آگ لگانے کے واقعات میں 80 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمات درج

Cases registered against 80 people for setting dumpers on fire

کراچی میں راشد منہاس روڈ پر ڈمپر حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات میں 80 افراد کیخلاف 2 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ہفتے کی رات موٹرسائیکل اور ڈمپر کے درمیان حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کے بعد سات ڈمپروں کو آگ لگانے کے الزام میں 80 نامعلوم افراد کے خلاف پولیس نے دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ مقدمات فیڈرل بی ایریا اور یوسف پلازہ میں میر عالم خان اور داؤد جان کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں، ایف آئی آر میں انسداد دہشتگری کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:ٹرانسپورٹرز ڈمپرز میں کیمرا لگائیں گے، ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی:وزیر اعلیٰ سندھ

یاد رہے کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر گزشتہ شب ڈمپر اور موٹر سائیکل کے خوفناک حادثے میں بہن بھائی جاں بحق اور والد شدید زخمی ہوگئے تھے ، جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ احمد رضا شامل تھے۔

ماہ نور کی آئندہ ماہ شادی طے تھی اور گھر میں تیاریاں جاری تھیں۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے سات ڈمپرز کو آگ لگا دی، پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا جبکہ ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے ہنگامہ آرائی اور ڈمپر جلانے کے الزام میں 10 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کرلیا تھا۔ یاد رہے کہ راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات کی تحقیقات کے لئے 4 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون انعم تجمل شامل ہیں۔ ٹیم کو ملزمان کی شناخت، گرفتاری اور ٹھوس شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تحقیقات کی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button