وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز اپنے ڈمپرز میں کیمرا لگائیں گے، ورنہ 15 یوم بعد ان کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سوامی نارائن داس مندر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلط ڈرائیو کرنے کی سختی سے مذمت کرتا ہوں، گزشتہ روز ایک حادثے میں دو نوجوان جاں بحق ہوئے، مجھے بہت افسوس ہوا، ڈرائیور کو اسی وقت گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد سات ڈمپر جلائے گئےجو کہ اچھا عمل نہیں ہے، شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز اپنے ڈمپرز میں کیمرا لگائیں گے اور یقین دہانی کرائیں گے کہ ڈرائیور لائسنس یافتہ ہونگے، اگر ایسا نہیں کریں گے تو 15 یوم بعد ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:کراچی میں 24 گھنٹوں میں ڈمپرز کی ٹکر سے دو شہری جاںبحق
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت صوبے کے حقوق کا تحفظ کرے گی، بجٹ سمیت کوئی بھی معاملہ ہوتا ہے تو ہم وفاق سے بات کرتے ہیں، ہم نے ایکنک اجلاس میں سندھ کے تمام منصوبے منظور کروائے، حیدرآباد-سکھر موٹروے کے تین سیکشنز کی منظوری دی گئی، ہماری کوشش ہے کہ سندھ اور وفاق کے تعلقات ہمیشہ بہتر رہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ منشیات خلاف ہماری مہم صوبے بھر میں چل رہی ہے، سندھ حکومت منشیات کے خلاف کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ہم نے گزشتہ دو تین ماہ میں کیٹیگرائیز کر کے بہت لوگوں کو گرفتار کیا ہے، منشیات پاکستان اور سندھ سمیت یہ دنیا بھر کا مسئلہ ہے، سندھ حکومت کا منشیات کے خلاف زیر ٹالرنس ہے اور ہم اسے ختم کرینگے۔