Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

ٹرمپ کی میزبانی میں آذربائیجان اورآرمینیا میں امن معاہدہ ہوگیا

Trump announce peace agreement between Azerbaijan Armenia

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میزبانی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت دونوں ممالک نے مکمل جنگ بندی اور تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں آذربائیجان کے صدراور آرمینیا کے وزیراعظم نے امن معاہدے پر دستخط کیے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی اس معاہدے پر بطور گواہ دستخط کیے ہیں، اس موقع پر صدر ٹرمپ دونوں رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شریک ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ آذربائیجان اور آرمینیا نے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کرلیے ہیں، اب دونوں ممالک اپنی ترجیح تجارت اور معیشت کو دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے دونوں ممالک کو کہا کہ جنگ نہیں، تجارت کرو اور انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ آئندہ جنگ نہیں کریں گے۔

امریکی صدر کے مطابق معاہدے میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں تعاون بھی شامل ہے۔ ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ میں جنگیں نہیں، امن اور تجارت چاہتا ہوں۔

مزید پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور بھارت کا مسئلہ حل کرلیں گے: امریکا

واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 1980 کی دہائی سے نگورنو کاراباخ کے تنازع پر کشیدگی جاری رہی ہے۔ 1994 میں 6 سالہ جنگ کے خاتمے کے بعد آرمینیا نے علاقے کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا، تاہم 2020 میں آذربائیجان نے دوبارہ کچھ حصہ واپس حاصل کیا۔

اکتوبر 2023 میں آذربائیجان کے فوجی آپریشن کے بعد نگورنو کاراباخ کے علیحدگی پسند گروہوں نے غیر مسلح ہوکر حکومت تحلیل کرنے اور آذربائیجان سے الحاق کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا معاہدے کا خیر مقدم:

وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان وائٹ ہاؤس سمٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی سرپرستی میں تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنگِ میل ترقی جنوبی قفقاز میں امن، استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، ایک ایسا خطہ جو دہائیوں تک تنازعات اور انسانی المیوں کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہم صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو اس تاریخی معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، جو ان کے خطے کے پُرامن مستقبل کے لیے دانشمندی، دور اندیشی اور بصیرت کا مظہر ہے‘۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ برادر ملک آذربائیجان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہم ان کی تاریخ کے اس فخر کے لمحے میں بھی ان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم امریکا کے کردار کو بھی سراہتے ہیں، جس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں دونوں فریقین کو ایک ساتھ بٹھایا اور ایسا معاہدہ ممکن بنایا جو تجارت، رابطوں اور علاقائی انضمام کے نئے راستے کھولتا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہماری امید ہے کہ مکالمے کی یہ روح ان دیگر خطوں کے لیے بھی مثال بنے گی جو طویل تنازعات کا شکار ہیں۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button