وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ہوٹلوں کو شراب فروخت کرنے کی اجازت کے حوالے سے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں قومی اسمبلی میں آج (8 آگست) کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے ہوٹلوں میں شراب کی فروخت سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔
اجلاس میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے 5 ہوٹلوں میں شراب فروخت کی قانونی اجازت ہے، شراب کے لائسنس مخصوص شرائط پر جاری کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:شراب پر عائد پابندی ہٹانے کی خبریں بے بنیاد ہیں: سعودی عرب
قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے جواب میں وزیر داخلہ نے بتایا کہ ایل ٹو لائسنس اور سالانہ تجدید لائسنس کی فیس بھی مقرر کی گئی ہے۔ ایل ٹو لائسنس کی فیس 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ سالانہ تجدید لائسنس کی فیس ایک لاکھ 50 ہزار مقرر کی گئی ہے۔
وزارت کی طرف سے بتایا گیا کہ لائسنس کی شرائط میں شامل ہے کہ ہوٹلز میں شراب کو دیگر اشیا سے الگ رکھا جائے گا، شراب کی کھیپ کی آمد سے سات دن کے اندر متعلقہ افسر کو آگاہ کیا جائے گا،ایکسائز افسر بغیر وجہ بتائے شراب کا لائسنس کینسل کرسکتا ہے۔