سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے موبائل ڈیٹا استعمال کیے بغیر نسک ایپ کے تمام فیچرز تک مکمل رسائی کو ممکن بنا دیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ٹیلی کام آپریٹرز ایس ٹی سی، زین اور موبایلی کے تعاون سے اس سروس کا مقصد عازمین کے سفر کو آسان بنانا اور حج وعمرہ خدمات کے ڈیجیٹل تجربے کو بڑھانا ہے۔
رپورٹس کے مطابق وزارت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت میں سم کارڈ استعمال کرنے والے شہری، رہائشی اور زائرین کسی ایکٹیو ڈیٹا پلان یا انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر نسک ایپ کی تمام خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس میں پرمٹ کا اجرا، ریزرویشن، اور ایپ کے ذریعے دیگر ڈیجیٹل سروسز تک رسائی شامل ہے۔
اب زائرین موبائل ڈیٹا استعمال کیے بغیر روضہ شریفہ مدینہ منورہ کے لیے پرمٹ، حرمین ہائی سپیڈ ٹرین کے ٹکٹ کی بکنگ، نسک میپ کے ساتھ نیویگیٹ، نسک اے آئی اسسٹنٹ کا استعمال، انکوائری یا رپورٹس جمع کراسکتے ہیں۔
نسک کے سی ای او انجییئر احمد المیمان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون عازمین اور زائرین کیلیے ڈیجیٹل تجربے کو بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، جو انہیں حج، عمرے یا روضہ شریفہ کیلیے ان کے وزٹ میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا اس اقدام سے ضروری معلومات تک فوری رسائی ممکن ہوتی ہے، یہ اقدام کراوڈ منیجمنٹ کو بھی بہتر بناتا ہے، گمشدہ زائرین کی تعداد میں کمی کے ساتھ پرمٹ ویریفیکیشن پروسس کے عمل کو تیز کرتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دنیا کے 100 سے زیادہ ملکوں میں نسک ایپ استعمال کی جاسکتی ہے۔ جس کے ذریعے 10 زبانوں میں سروسز سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ ایپ میں نئی خدمات بڑھادی گئی ہیں، ان میں ’نسک تسبیح، حصن المسلم، دعائیں اور اذکار، حرمین سے تلاوت، آگاہی کارڈز، مثالی تاریخی مقامات کی معلومات اور مختلف اہم مقامات کے نقشوں کے علاوہ پروموشنز اور پروگرامز کے بارے میں معلومات شامل ہیں۔
یاد رہے کہ نسک ایپ کو 25 سرکاری اداروں سے جوڑ دیا گیا ہے جبکہ جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ایپ کو آپریٹ کیا جاتا ہے۔