فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے آن لائن آرڈر پر نیا سیلز ٹیکس قانون نافذ کردیا جس کے مطابق ڈیجیٹل آرڈرز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی کٹوتی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آن لائن مارکیٹ پلیس، کوریئر اور ادائیگی ایجنٹ سیلز ٹیکس کاٹنے کے پابند ہوں گے۔ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں نیا باب شامل کیا ہے، کیش آن ڈیلیوری پر بھی سیلز ٹیسک کی کٹوتی لازم قرار دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے نئے فارم ایس ٹی آر 36 اور ایس ٹی آر 34 متعارف کروادیے، ہر ماہ کی 10 تاریخ تک ایس ٹی آر 35 فارم جمع کروانا لازمی ہوگا، ادایگی کے ذریعے کاٹی گئی رقم ایف بی آر کو جمع کروانا ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کوریئرز بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی کے پابند ہوں گے، کوریئر ہر ماہ ایس ٹی آر 36 فارم ایف بی آر کو جمع کروائیں گے۔
مزید پڑھیں850 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ
آن لائن مارکیٹ پلیس کو ایس ٹی آر 34 فارم کے ذریعے آرڈرز کی رپوٹ دینا ہوگی، آن لائن پلیٹ فارمز کو ہر سپلائر کے آرڈرر کی تفصیل دینا لازم ہے، اگر مارکیٹ پلیس کوریئر سروس بھی فراہم کرے تو ایس ٹی آر 36 بھی جمع کروانا ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق کوریئر اور پیمنٹ ایجنٹس کو وینڈر کو سیلز ٹیکس کی کٹوتی کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا، سرٹیفکیٹ میں وینڈر کا نام، رجسٹریشن نمبر، اشیا کی تفصیل اور کٹا ہوا ٹیکس ظاہر ہوگا، آن لائن کاروبار پر ٹیکس نیٹ میں وسعت اہم قدم ہے۔