ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کو بیچلر ڈگری کے مساوی قرار دیے جانے سے متعلق زیر گردش خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ترجمان طارق اقبال نے زیر گردش نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری وضاحتی پوسٹ میں ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) کی 14 سال کی تعلیم کے مساوی ہونے کے حوالے سے گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
🚫 FAKE NOTICE ALERT
The notification circulating regarding DAE’s equivalence to 14 years of education is fake. Please rely only on official announcements from HEC’s verified platforms. pic.twitter.com/EfjBivFl7v
— HEC Pakistan (@hecpkofficial) July 25, 2025
ایچ ای سی نے سوشل میڈیا پر زیر گردش جعلی اعلانات سے خبردار کرتے ہوئے گزارش کی کہ صرف ایچ ای سی کے تصدیق شدہ پلیٹ فارمز سے جاری شدہ سرکاری اعلانات پر بھروسہ کریں۔ اسلام آباد میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چیف ایگزیکٹیو رحمت اللہ خان وزیرنے بھی تصدیق کی ہے کہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کے تعلیمی اسٹیٹس سے متعلق کسی قسم کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں:کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا افسران و ملازمین کی ڈگریاں چیک کرانے کا فیصلہ
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن گردش کر رہا ہے جس پر 23 جولائی کی تاریخ درج ہے۔ مذکورہ نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے انٹرمیڈیٹ کے بعد تین سالہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) کو بیچلر ڈگری کے مساوی قرار دے دیا ہے۔