امریکا نے شہریت حاصل کرنے کے خواہش مند افراد خُصُوصاً شادی کی بنیاد پر درخواستیں جمع کروانے والوں کے لیے قوانین مزید سخت کر دیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (یو ایس سی آئی ایس) نے فیملی پر مبنی امیگرنٹ ویزا درخواستوں، خاص طور پر شادی کی بنیاد پر درخواستوں کی جانچ پڑتال کو سخت کرنے کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
اگر امریکی شہری کسی غیر ملکی شریک حیات کو اسپانسر کرنا چاہتا ہے تو اس جوڑی کو اپنا رشتہ ثابت کرنے کے لیے ٹھوس ثبوت پیش کرنے ہوں گے۔ گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند جوڑے کو مشترکہ مالیاتی ریکارڈ، تصاویر اور دوستوں یا خاندان سے ہونے والی خط و کتابت بطور ثبوت پیش کرنا ہو گا۔
مزید پڑھیں:برطانیہ نے پاکستانیوں کے لیے ای ویزا کی سہولت کا آغاز کردیا
ان اقدامات کا مقصد دھوکا دہی کو ختم کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صرف حقیقی جوڑوں کو ہی گرین کارڈ کے لیے منظوری دی جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی پالیسی یکم اگست سے نافذ العمل ہے، جو تمام زیر التواء اور نئی دائر درخواستوں پر لاگو ہوتی ہے۔