اگر آپ بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام میں رجسٹریشن کروانا چاہتے ہیں تو رجسٹریشن کا آسان طریقہ کار اور شرائط جانیں۔
بینظیر تعلیمی وظائف میں جن بچوں کی رجسٹریشن کروانی ہے ان کو ساتھ لے کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے قریبی دفتر چلے جائیں، متعلقہ افسر کو بچوں کا ب فارم اور بی آئی ایس پی میں پہلے سے اندراج شدہ موبائل نمبر فراہم کریں۔
متعلقہ افسر رجسٹریشن کرکے آپ کو انرولمنٹ سلپ جاری کرے گا، مہیا کردہ سلپ بچوں کے اسکول سے پُر کروائیں، کلاس ٹیچر اور ہیڈ ٹیچر کے کوائف کا اندراج لازمی ہے، سلپ پُر کروانے کے بعد واپس بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر میں جمع کروائیں۔
مزید پڑھیں:وزارت مذہبی امور کی جانب سے غیر مسلم طلبا و طالبات کے لیے وظائف کا اعلان
اس سلپ میں بچوں کی کلاس، سیکشن، کلاس ٹیچر کا نام اور ٹیچر کے کوائف کا اندراج لازمی ہے، انرولمنٹ سلپ کی تصدیق کے بعد آپ کا وظیفہ جاری کردیا جائے گا۔
شرائط کیا ہیں؟
تعلیمی وظیفہ کے لیے بچے کی اسکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے، بچے کا اسکول تبدیل کرنے کی صورت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو آگاہ کرنا لازمی ہے۔ طلبا کی والدہ کا بینظیر کفالت کے لیے اہل ہونا لازمی ہے، نادرا کا جاری کردہ بچوں کا ب فارم ہونا چاہیے۔
بچوں کی عمر کی حد پرائمری میں 4 سے 14 سال ہو، سیکنڈری میں 8 سے 18 سال اور ہائر سیکنڈری میں 13 سے 22 سال عمر ہونی چاہیے۔
سہ ماہی شرح وظیفہ:
طالبات کے لیے پرائمری میں 3 ہزار، سیکنڈری میں 4 ہزار اور ہائر سیکنڈری میں 5 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، طلباء کے لیے پرائمری میں 2500، سیکنڈری میں 3500 اور ہائر سیکنڈری میں 4500 روپے دیے جائیں گے۔ پرائمری تعلیم کی تکمیل پر بچیوں کو تین ہزار روپے کا خصوصی بونس دیا جائے گا۔