کراچی میں ہلکے بادلوں اور ٹھنڈی سمندری ہواوں سے موسم خوشگوارہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود اور مرطوب رہے گا جبکہ دن اور رات میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا اور موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی سمت سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔ سندھ میں شام یا رات میں سکھر، گھوٹکی، خیرپور، تھر پارکر، عمر کوٹ، میرپور خاص اور سانگھڑ میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اسکردو میں گلیشئیرز پھٹنے سے متعلق بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان
دوسری جانب پنجاب میں بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہورمیں شدید بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ قصور، شیخوپورہ، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، لیہ میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں، فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔