Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

حج پالیسی 2026 کا اعلان، 4 اگست سے درخواستیں جمع ہونگی

Hajj policy 2026

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ حج پالیسی 2026ء کے مطابق آئندہ سال حج کے لئے پرائیویٹ حج آرگنائزرز کا کوٹہ ساڑھے 16 فیصد کم کرکے 33.48 فیصد کردیا گیاہے، جبکہ سرکاری کوٹہ 50 فیصد سے بڑھاکر 66.52 فیصد کردیا گیا، حج درخواستیں 4 اگست سے وصول ہونگی، وزیر اعظم شہبازشریف کی زیرصدارت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی 2026کی منظوری دی گئی۔

وفاقی وزیر نے یہ اعلان بدھ کی شب اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کے مطابق اس وقت پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج ہے، مردم شماری 2023ء کے مطابق ہمارا کوٹہ 2 لاکھ 30 ہزار بنتاہے، جس کی ہم نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے، نئی پالیسی کے مطابق  سرکاری کوٹے کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 عازمین اور 60 ہزار عازمین نجی حج آرگنائزرز کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کے مطابق وزارت کی تجویز سرکاری کوٹہ 60 فیصد اور پرائیوٹ 40 فیصد کی تھی لیکن وزیر اعظم نے سرکاری کوٹہ 66.52 فیصد اور پرائیویٹ 33.48 فیصد کیا ہے، پرائیویٹ کوٹے کی کمی گزشتہ سال انکی جانب سے کوٹے کا درست استعمال نہ ہونا ہے۔ سرکاری کوٹے کے عازمین 4 اگست سے منظور شدہ بنکوں میں پہلی قسط اور درخواستیں جمع کرائیں گے۔ سرکاری حج کے دو پلان ہیں ایک 38 سے 42 دن کا اور دوسرا 20 سے 25 دن کا۔ رقم دوقسطوں میں وصول کی جائے گی۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کے مطابق عازمین حج کا پاکستانی مسلمان اور 26 نومبر 2026ء تک کا ویلیڈ پاسپورٹ ہولڈر ہونا لازمی ہے۔ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو حج اجازت نہیں ہوگی، سرکاری اسکیم کے روایتی پلان کے اخراجات ساڑھے 11 سے ساڑھے 12 لاکھ کے درمیان ہونے کا تخمینہ ہے۔ عازمین حج کا انتخاب پہلے آیئے اور پہے پائیے کی بنیاد پر ہوگا، جن لوگوں نے جولائی رجسٹریشن کرائی ہے وہ اولین ترجیح ہونگے۔

سردار محمد یوسف کے مطابق روڈ ٹو مکہ منصوبہ کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹ سے جاری رپے گا۔ اس سوال پر کہاکہ نجی حج آرگنائزرز نے وعدہ کیا ہے کہ گزشتہ سال رہ جانے والے عازمین حج کو گزشتہ سال کے حج پیکیج پر ہی پہلے ترجیح دیں گے۔ گزشتہ سال رہ جانے والوں میں سے کچھ کو رقم ملی گئی ہے اور کچھ مل رہی ہے، گزشتہ سال 63 ہزار نہیں تقریباً 27 ہزار افراد رہ گئے تھے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button